مغربی جرمنی کے شہر ڈیوسلڈروف کے ائیر پورٹ پر زیر تعمیر نئے رن وے کی کھدائی کے دوران دوسری جنگ عظیم میں استعمال ہونے والابم برآمدہونے کے بعد پروازوں کا شیڈول متاثر ہو کر رہ گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرا‏ئع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مغربی جرمنی کے شہر ڈیوسلڈروف کے ائیر پورٹ پر زیر تعمیر نئے رن وے کی کھدائی کے دوران دوسری جنگ عظیم میں استعمال ہونے والابم برآمدہونے کے بعد پروازوں کا شیڈول متاثر ہو کر رہ گیا۔ جرمنی کے تیسرے مصروف ترین ائیرپورٹ پر بم کی اطلاع کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دوسری جنگ عظیم کے125کلوگرام وزنی بم کو کنڑول دھماکہ میں تلف کر دیا۔ ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ بم زیر تعمیر رن وے کھدائی کے دوران برآمد ہوا جسے کسی بڑے حادثے کے رونما ہونے سے قبل ہی 26میٹر گڑھا کھود کراس میں دبانے کے بعد کنٹرول دھماکہ میں تلف کر دیا گیا ، دھماکے کی  گونج ایئرپورٹ کے متعدد نزدیکی علاقوں تک سنائی دی۔ حکام نے اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ ڈیوسلڈروف کی زمین کے نیچے دوسری جنگ عظیم میں استعمال ہونیوالے مزید بم بھی موجود ہو سکتے ہیں جن کو تلاش کرنے اورتلف کرنے کیلئے جامع کھدائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ 2009ء میں بھی مذکورہ جائے وقوعہ کے قریبی علاقے سے 500کلو گرام وزنی بم بھی برآمد ہوا تھا جسے ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔اگرچہ دوسری عالمی جنگ کو 70برس کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم جرمنی کے متعدد علاقوں میں کھدائی کے دوران ابھی بھی کئی ایسے بم دریافت ہو تے رہتے ہیں جو کہ پھٹے بغیر زیر زمین دبے ہوئے ہیں۔