پاکستان میں نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے زلزلے سے 272 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ زلزلہ پیما مرکز نے اب تک 62 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے زلزلے سے 272 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ زلزلہ پیما مرکز نے اب تک 62 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے میں مجموعی طور پر ایک ہزار 909 افراد زخمی ہوئے جبکہ 13 ہزار 771 مکانات کو نقصان پہنچا۔ زلزلے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبہ خیبر پختونخوا میں ہلاکتوں کی تعداد 225 تک جاپہنچی ہے، زخمیوں کی تعداد 1706 جبکہ متاثر ہونے والے مکانات کی تعداد 13 ہزار کے قریب ہے۔ فاٹا میں اب تک 30 افراد کے ہلاک اور 59 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 300 مکانات کو نقصان پہنچا۔ زلزلے سے تیسرے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے گلگت بلتستان میں 10 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوئے جبکہ 436 مکانات متاثر ہوئے۔ صوبہ پنجاب میں 5 افراد کے ہلاک اور 98 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی جبکہ 61 مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پیر کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد اب تک 62 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، جن میں 4.1 شدت کا آخری آفٹر شاک آج 10 بج کر 15 منٹ پر آیا، جس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا۔