برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے معاشی بحران میں پھنسے یونان کے لیے 7 ارب یورو سے زائد کا کم مدت قرضہ منظور کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس  میں یورپی رہنماؤں نے معاشی بحران میں پھنسے یونان کے لیے 7 ارب یورو سے زائد کا کم مدت قرضہ منظور کرلیا ہے۔برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کمیشن کے نائب صدر والدس دومبرووسکس کا کہنا تھا کہ 28 ممبر ممالک نے اتفاق رائے سے یونان کے لیے 7.16 ارب یورو کا قلیل المدتی قرضہ منظور کرلیا ہے جس سے یونان یورپی سینٹرل بینک اور آئی ایم ایف کا قرض اتارے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ یونان کو 20 جولائی تک یورپی بینک کا قرض اتارنا ہے جب کہ اس رقم سے آئی ایم ایف کے بقایا جات بھی ادا کیے جائیں گے جب کہ یونان پر یورپی سینٹرل بینک کے 4.2 ارب یورو بھی واجب الادا ہیں۔یورپی یونین کے مطابق یونان کے لیے نئے بیل آؤٹ پیکج کا اعلان بھی جلد کیاجائے گا تاہم ابھی اس پر غور کیا جارہا ہے۔