روس کے سرد ترین علاقے سائبیریا میں ایک فوجی بیرک کی چھت گرنے سے 23 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایٹارٹاس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس کے سرد ترین علاقے سائبیریا میں ایک فوجی بیرک کی چھت گرنے سے 23 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق سائبیریا کے شہراومسک میں واقع فوجی چھاؤنی میں ایک بیرک کی چھت اور دیوارکا کچھ حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں وہاں مقیم 23 فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ واقعہ میں شدید زخمی ہونے والے 10 فوجیوں کو ماسکو منتقل کیا گیا ہے۔

روسی صدر ولادیمر پوٹن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے جب کہ  حفاظتی اقدامات  کی نگرانی  کے لئے قائم  خصوصی کمیٹی نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جس کا کہنا ہےکہ اگر تعمیراتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت پائی گئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔