مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نےروس میں بریکس اجلاس کے ضمن میں ہندوستان کے وزير اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔ ایرانی صدر نے حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے باہمی روابط میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ باہمی روابط کو فروغ دینے میں کوئي چیز مانع نہیں ہے
صدر حسن روحانی نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور یمن کے عوام کی مظلومیت اوران کے سخت و ناگوار شرائط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ آج ہم یمن میں بچوں، عورتوں اور عام شہریوں کے قتل عام کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ صدر روحانی نے کہا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے علاوہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں بھی ایکدوسرے کا تعاون کریں۔
ہندوستانی وزير اعظم نے بھی اس ملاقات میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ۔ نریندر مودی نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کو عالمی سطح پر بشریت کے دفاع اور دنیا کو تشدد سے پاک رکھنے کے لئے ایکدوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔