مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے قطر میں اتوار سے افغان حکومت اور طالبان میں باضابطہ مذاکرات شروع ہونے کا امکان ہے ۔
اطلاعات کے مطابق قطر میں اتوار سے دو روزہ علاقائی کانفرنس شروع ہورہی ہے، امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی بین الاقوامی تنظیم پگواش کونسل کی جانب سے منعقدہ اس علاقائی کانفرنس میں افغان حکام اور طالبان کے درمیان افغانستان میں امن قائم کرنے کے لئے تفصیلی بات ہوگی۔ جس میں افغان حکومت اور طالبان کے علاوہ پاکستان کے خصوصی نمائندے بھی شریک ہوں گے۔افغانستان میں امن کے لئے ہونے والے ان مذاکرات میں 20 رکنی افغان حکومتی وفد قطر پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کانفرنس میں طالبان کا 8 رکنی وفد شرکت کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس میں شرکت کرنے کا مطلب امن کے حوالے سے بات چیت یا مذاکرات ہرگز نہیں۔واضح رہے کہ ماضی میں بھی افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مصالحت کے لیے کئی مرتبہ کوششیں کی جاچکی ہیں۔ اس سلسلے میں 2013 میں امریکہ کی رضامندی سے قطر میں طالبان کا دفتر بھی قائم کیا گیا تھا۔