مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان بھر میں آج یوم پاکستان منایا جارہا ہے جب کہ اسلام آباد میں 7 سال کے بعد مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ہورہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یوم پاکستان کی تقریب کا آغاز دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا ، شکرپڑیاں کے قریب گراؤنڈ میں 7 سال کے تعطل کے بعد مسلح افواج کی پریڈ جاری ہے، جس میں وزیراعظم ، وفاقی وزرا ، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر حکام شریک ہیں۔ تقریب سے خطاب کے دوران صدر ممنون حسین نے کہا کہ شاندار پریڈ دیکھ کر ان کا سر فخر سے بلند ہوگیا، ان کا یقین پختہ ہوگیا کہ جو قوم متحد ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ ہماری منزل ترقی یافتہ اور جدید پاکستان ہے۔ ہماراتعلق اس قوم سےہےجس نے ہرطرح کےمصائب کابہادری سےسامنا کیا، آج اس عزم کا دن ہے کہ ملک کو لسانی اور فرقہ واریت سے پاک رکھا جائے۔یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، مسلح افواج کے نمایندوں اور ڈپٹی ڈی جی رینجرز بریگیڈئیرعمران منور نے مزار قائد پر حاضری دی۔ جب کہ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔سرکاری اعلامیے کے مطابق صدر ممنون حسین 52 پاکستانیوں کو قومی سول ایوارڈ سے بھی نوازیں گے ۔
اجراء کی تاریخ: 23 مارچ 2015 - 13:04
مہر نیوز/23 مارچ/ 2015 ء : پاکستان بھر میں آج یوم پاکستان منایا جارہا ہے جب کہ اسلام آباد میں 7 سال کے بعد مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ہورہی ہے۔