مہر خبررساں ایجنسی نے المسلہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراق کے صدر معصوم فواد نے عراق کے دارالحکومت بغداد کی جانب سلفی وہابی داعش دہشت گرد گروہ کی پیشقدمی کو روکنے کے سلسلے میں آیت اللہ سیستانی کے فتوے کو اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ سیستانی کے فتوے کے بعد عراقی عوام نے بڑھ کر داعش کی پیشقدمی کو روک دیا اور داعش کی شکست میں ایرانی جنرل سلیمانی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
عراق کے صدر معصوم فواد نے کہا کہ کردستان میں داعش دہشت گردوں کو روکنے میں مسعود بارزانی نے بھی نمایاں کردار ادا کیا اور اگر عراقی کردستان میں داعش کو نہ روکا جاتا اور اس علاقہ پر داعش کا قبضہ ہوجاتا تو پھر داعش کو اس علاقہ سے باہر کرنا بہت مشکل ہوجاتا۔ عراقی صدر نے کہا کہ ایران نے بھی اس سلسلے میں عراق کی بر وقت مدد کی جس پر ہم ایران کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بغداد اور اربیل کو ایران کی مدد کے بغیر بچانا ایک مشکل کام تھا۔ صدر معصوم نے کہا کہ بیت المقدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے اربیل اور بغداد میں عوامی رضاکار فورس بنانے میں نمایاں کام انجام دیا انھوں نے کہا کہ جنرل سلیمانی کی خدمات عراقی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ داعش ایران کے لئے بھی بہت بڑا خطرہ تھا جسے ایران نے بروقت کارروائی کرکے اپنی سرحدوں سے دور کردیا۔