مہر نیوز/11 جنوری/ 2015 ء : جرمنی میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے اخبار کے دفتر کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جرمن نیوز ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جرمنی میں  گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے اخبار کے دفتر کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جرمنی کے شمالی شہر ہیمبرگ میں فرنچ میگزین چارلی ایبڈو کی جانب سے نبی کریم ﷺکے تیار کردہ گستاخانہ خاکے دوبارہ شائع کرنے والے جرمن اخبار ہیمبرجر مورگن پوسٹ کے دفتر پر نامعلوم افراد نے آتش گیر مادے سے حملہ کیا جس سے دفتر میں میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر آگ کو بجھایا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اخبار کے دفتر پر نامعلوم افراد کی جانب سے پتھر مارے گئے اور پھر آتش گیر مادہ پھینکا گیا جس سے اخبار کے دفتر کے 2 کمروں کو نقصان پہنچا۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 4 روز قبل فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ہفت روزہ میگزین چارلی ایبڈو کے دفتر پر حملے کے نتیجے میں ایک صحافی اور ایک کارٹونسٹ سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق کستاخانہ خاکے شائع کرنے والے انتہا پسندوں کے خلاف بھی یورپی ممالک کو کارروائی کرنی چاہیے ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔