مہر نیوز/3 نومبر/ 2014 ء : افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں انسداد دہشت گردی آپریشن میں 17 طالبان جنگجو ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں انسداد دہشت گردی آپریشن میں 17 طالبان جنگجو ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل آرمی ،پولیس اور انٹیلی جنس نے صوبہ ننگرہار،لغمان،بدخشان،قندھار،زابل،ارزگان، غزنی ،خوست اور فرح میں مشترکہ آپریشن کیا ۔جس کے دوران ایک عسکریت پسند کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مختلف اقسام کے ہتھیار اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ جنوبی صوبہ ہلمندمیں افغان فورسز نے لشکر گاہ شہر میں کاربم حملے کی سازش کو ناکام بنا دیا۔ صوبہ لغمان حکام کا کہنا ہے کہ ضلع علیشینگ میں ایک راکٹ حملے میں ایک شہری جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے جبکہ صوبائی گورنر کے ترجمان سرحدی زاک کے مطابق عسکریت پسندوں کی ایک کار پر فائرنگ سے 2 خواتین جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے۔طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔