مہر نیوز/21 اگست / 2014 ء : افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے آپریشن اور غیر ملکی افواج کے ڈرون حملے میں 3 طالبان کمانڈروں سمیت 96 جنگجو ہلاک اور 46 زخمی ہوگئے جبکہ 16 کو گرفتار کر لیا گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے آپریشن اور غیر ملکی افواج کے ڈرون حملے میں 3 طالبان کمانڈروں سمیت 96 جنگجو ہلاک اور 46 زخمی ہوگئے جبکہ 16 کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب مختلف علاقوں میں طالبان کے حملوں میں 8 افغان اہلکار مارے گئے جبکہ کابل میں ایک شہری نے حملہ کرکے نیٹو فوجی کو ہلاک کر دیا۔ بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی نے ایک بیان میں کہا کہ افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز نے 8 مختلف صوبوں میں طالبان کے خلاف آپریشن کیا، جس میں 66 طالبان جنگجو ہلاک اور 41 زخمی ہوگئے جبکہ 16 کو گرفتار کر لیا گیا، افغان نیشنل آرمی نے مختلف اقسام کے ہتھیار، دھماکا خیز مواد، 58 دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائسزکے راؤنڈ قبضے میں لے لیے،مختلف علاقوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائسز کے دھماکوں میں 6 افغان فوجی مارے گئے۔ دریں اثنا وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران افغان سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 18 طالبان جنگجو مارے گئے، آپریشن صوبہ کنڑ، ننگرہار، فریاب، قندھار، زابل، ارزگان اور لوگر میں کیا گیا، دوسری جانب مشرقی صوبہ نورستان میں افغان سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جھڑپوں میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 7 طالبان جنگجو بھی مارے گئے ، جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب مشرقی صوبے کنٹر میں غیر ملکی افواج کے ڈرون حملے میں 3 طالبان کمانڈر اور2 پاکستانی شدت پسند مارے گئے جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔