مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے راولپنڈی میں آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب در حقیقت پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اوراس جنگ میں پاکستانی قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب 4 مراحل میں مکمل ہوگا اس سے علاقے میں حکومتی رٹ قائم ہوگی۔ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن میں پاک فوج ، فضائیہ، اسپیشل سروسز گروپ، آرمی انجینئیرز، لیویز اور خاصہ دار فورس شامل ہے، شمالی وزیرستان میں اب تک زمینی کارروائی شروع نہیں کی گئی اس سے پہلے عوام کا مکمل انخلا یقینی بنایا جائے گا۔ آپریشن سے قبل پاک فوج نے افغانستان سے ملحقہ سرحد کو بند کردیا تھا جبکہ افغانستان کو بھی ان کی حدود میں قائم دہشت گردی کے اڈے ختم کرنے کا کہا گیا ہے ۔میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان طالبان دہشت گردوں کا آخری محفوظ ٹھکانہ تھا اس کے بعد انہیں کہیں پناہ نہیں ملے گی۔ شمالی وزیرستان میں بویا دیگال اور شوال غیر ملکی عرب اور غیر عرب دہشت گردوں کے گڑھ ہیں۔ آپریشن میں کسی کے خلاف امتیازی سلوک نہیں برتا جاسکتا اور جو بھی ہتھیاراٹھائے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک سمیت تمام گروپوں کے ساتھ ایک ہی حکمت عملی سے نمٹیں گے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ حافظ گل بہادر نے اب تک ہتھیار نہیں ڈالے،اس کے علاوہ علاقے میں طالبان کے گروپوں میں بھی لڑائی ہورہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب تک 327 طالبان دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے 45 ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں جبکہ فوج کے 10 جوان ہلاک اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 27 جون 2014 - 10:18
مہر نیوز/ 27 جون / 2014 ء : پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ طالبان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب در حقیقت پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اوراس جنگ میں پاکستانی قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔