مہر نیوز/ 12 جون / 2014 ء : پاکستان میں صوبہ سندھ کی ہائی کورٹ نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے بیرونِ ملک جانے پر عائد پابندی ہٹانے کا حکم جاری کیا ہے۔

مہر خبررساں اجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں صوبہ سندھ کی ہائی کورٹ نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے بیرونِ ملک جانے پر عائد پابندی ہٹانے کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالت کے مطابق یہ حکم 15 روز کے بعد سے نافذ العمل ہوگا اور اس دوران کوئی بھی فریق اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر سکتا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس مظہر علی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے ہٹائے جانے کے سلسلے میں درخواست کی سماعت کرتے ہوئے حکومت کا موقف مسترد کردیا ۔ وفاقی حکومت کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف پر بےنظیر بھٹو قتل کیس، نواب اکبر بگٹی کیس، لال مسجد اور آرٹیکل 6 کے مقدمات زیرِ سماعت ہیں، وہ ان مقدمات میں عدالتوں کے روبرو پیشی سے استثنیٰ چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پرویز مشرف نے سندھ ہائی کورٹ میں اپنا نام ای سی ایل سےنکلوانے کی درخواست دائر کر رکھی تھی جس پر فریقین کا مؤقف سننے کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے فیصلہ 29 مئی کو محفوظ کرلیا تھا۔