مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ویانا میں آسٹریا کے صدر سے ملاقات اور گفتگو کی ۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا ۔ ایرانی وزير خارجہ گروپ 1+5 گروپ کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کے سلسلے میں ویانا میں ہیں ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ جواد ظریف کررہے ہیں جبکہ گروپ 1+5 کی قیادت یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کتھرین اشٹائن کررہی ہیں۔ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام پرجامع معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ایران اور چھ عالمی طاقتوں میں تین روزہ مذاکرات کے پہلے مرحلے کا آج آغاز ہوگيا ہے۔ مذاکرات میں ایسا مسودہ تیار کرنے کی کوشش کی جائے گی جس سے ایران کے پرامن ایٹمی مسئلہ کا جامع حل نکل سکے۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان حتمی ایٹمی معاہدے کے حصول کے لئے فروری سے مذاکرات جاری ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ہم ایٹمی ہتھیاروں کی تلاش میں نہ تھے اور نہ ہیں لیکن ایرانی عوام کے پرامن ایٹمی حقوق کے حصول سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔