مہر نیوز/ 1 مارچ / 2014 ء : ہندوستانی ریاست آسام میں چند روز قبل کانگریسی رہنما راہول گاندھی کا گال چومنے والی خاتون کو اس کے شوہر نے زندہ جلا کر ہلاک کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے  سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست آسام میں چند روز قبل کانگریسی رہنما راہول گاندھی کا گال چومنے والی خاتون کو اس کے شوہر نے زندہ جلا کر ہلاک کردیا۔ شوہر نےبعد میں خود کو بھی جلانے کی کوشش کی تاہم اسے بچالیا گیا ہےاطلاعات کے مطابق چند روز قبل کانگریس کے رہ نما راہول گاندھی انتخابی مہم کے سلسلے میں ریاست آسام پہنچے تھے، جہاں خواتین پارٹی ورکر انھیں اپنے درمیان دیکھ کر خوشی سے پھولے نہ سمائیں، اور ان میں سے دو خواتین نے راہول گاندھی کا چہرہ اور ماتھا چومنا شروع کردیا۔ راہول گاندھی تو واپس چلے گئے تاہم ان میں سے ایک خاتون بونکی کو اپنا یہ عمل مہنگا پڑگیا اور اس کا اپنے شوہر سے اس معاملے پرجھگڑا ہوگیااور بات تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک جاپہنچی، شوہر نے غصے میں آکر پہلے بونکی کو مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگائی اس کے بعد اس نے بھی خودسوزی کی کوشش کی۔ دونوں افراد کو مقامی لوگوں نے اسپتال پہنچایا جہاں پتہ چلا کہ بونکی کے جسم کا 40 فیصد حصہ جھلس گیا ہے جس کی وجہ سے اس کی حالت تشویشناک تھی اور بالآخر ہفتے کی صبح وہ دم توڑ گئی۔ دوسری جانب اس کے شوہر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔