مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں کے نواح میں میریان پولیس تھانے کے قریب مسجد پر خودکش حملے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور ایک گاڑی پر سوار تھا اور اس نے تھانے اور اس کے ساتھ واقع مسجد کی دیوار سے گاڑی ٹکرائی ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اطلاعات میاں افتخار نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آور کا نشانہ تھانے کے قریب واقع مسجد تھی۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے کی شدت سے مسجد اور تھانے کے کئی کمرے منہدم ہوگئے ہیں اور ملبہ ہٹانے کے لیے کرین طلب کی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور مقامی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔